لاہور سمیت پنجاب میں گندم کی خریداری شروع نہ ہو سکی، کسان پریشان
04-25-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم کی خریداری کا عمل شروع نہ ہو سکا جس کے باعث کسان پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
ذرائع کےمطابق باردانہ کی عدم فراہمی کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں گندم کی خریداری شروع نہ ہو سکی،باردانہ ایپ کا سٹیٹس بھی ان ایکٹو ہےجبکہ حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک نے چپ سادھ رکھی ہے۔ اگلے 5 روز میں طوفانی بارشوں کے امکان نے کسانوں کو مزید پریشان کر دیا۔ یاد رہے کہ باردانہ ایپ پر باردانہ کیلئے یکم اپریل سے 17 اپریل تک درخواستیں وصول کی گئی تھیں، ایپ پر 3 لاکھ 94 ہزار 239 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 2 لاکھ 75 ہزار مسترد اور ایک لاکھ 19 ہزار 237 درخواستیں منظور کی گئیں۔ ترجمان محکمہ خوراک کا کہنا ہےکہ درخواستیں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پی آئی ٹی بی نے مسترد کیں۔ ادھر کسانوں کو درپیش مسائل کا معاملہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں بھی زیر بحث آیا جس پر حکومتی و اپوزیشن بنچز یک زبان نظر آئے۔ حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کسانوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ہدایت کی کہ پنجاب کا کسان پریشان ہے، متعلقہ وزراء وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے پالیسی واضح کریں اور مسئلے کا حل نکالا جائے۔