لیسکو افسران کیلئے بجلی چوروں کو قابو کرنا چیلنج بن گیا

04-24-2024

(لاہور نیوز) لیسکو افسران کیلئے بجلی چوروں کو قابو کرنا چیلنج بن گیا، روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں بھی سود مند ثابت نہ ہو سکیں۔

ذرائع کے مطابق لیسکو فیلڈ عملے کو بااثر بجلی چوروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، بجلی چوری کے ہوشربا اعدادوشمار نے ایف آئی اے کی کارکردگی کا بھی پول کھول دیا، لاہور جیسے بڑے شہر میں کئی نو گو ایریاز ہیں، سیاسی مداخلت اور الگ فورس نہ ہونا بھی بڑی وجہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو ریجن میں روزانہ 200 سے 400 بجلی چور پکڑے جانے لگے، ایف آئی اے، پولیس اور لیسکو کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں مجموعی طور پر لیسکو نے 264 مقامات سے بجلی چوری پکڑی، 110 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ہوئے، لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم کے 218 روز میں 73 ہزار 997 ملزم بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 71 ہزار 279 ملزمان کیخلاف مقدمات درج ہوئے، 29 ہزار 969 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی کے باوجود بجلی چوری نہیں رک سکی، جو لمحہ فکریہ ہے۔