سینسر بورڈ کا چارج ملا تو تمام ڈراموں پر پابندی لگا دوں گا:نعمان اعجاز

04-24-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ اگر مجھے سینسر بورڈ کا چارج ملا تو میں تمام ڈراموں پر پابندی لگا دوں گا۔

حال ہی میں اداکار نعمان اعجاز نے ایک نجی ٹی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات  سمیت موجودہ پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے بارے میں کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ٹی وی ڈراموں کے  مواد کےحوالے سے بات کرتے ہوئے نعمان اعجاز کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈراموں میں رشتوں کو رسوا کیا جا رہا ہے جس وجہ سے تعلقات خراب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ بنانے والے ہر رشتے کو برا دکھا رہے ہیں، آج ایک بہن، ماں، باپ، بھائی اور بیٹی، ہر رشتہ برا ہے، یہ چیزیں ہمارے معاشرے میں خود بخود منتقل ہو جاتی ہیں۔ سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ  ماضی قریب میں ڈرامہ نند اس لیے مقبول ہوا کیونکہ اس میں نند کو برائی کے طور پر دکھایا گیا تھا، ہم ایسے ڈراموں کا بالواسطہ یا بلاواسطہ اثر لیتے ہیں۔ نعمان اعجاز نے کہا کہ اگر مجھے سینسر بورڈ کا چارج دیا گیا تو میں ایسے تمام ڈراموں پر پابندی لگا دوں گا، میں صرف ایسے ڈراموں کو ترجیح دیتا ہوں جو سبق آموز ہوں۔