گیس، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن
04-24-2024
(لاہور نیوز) گیس ،بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشرُبا اضافے نے عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دیں، مزدور اور تاجر طبقے کے لیے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا۔
عوامی نمائندوں کو ایوانوں میں بیٹھے دو ماہ کا عرصہ گزر گیا لیکن بجلی ،گیس ،ایل پی جی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، قیمتوں میں کمی کے بجائے مسلسل اضافے سے عوام پریشان ہیں جبکہ مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس اور بجلی کے بل ادا کریں تو بچوں کو کھانا کھلانا ممکن نہیں، ماہانہ 20 سے 25 ہزار کماتے ہیں، گیس اور بجلی کے بل اس سے بھی زیادہ آجاتے ہیں،حکومت مہنگائی کم کرنے کے دعوے کرکے آئی مگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ صرف روٹی کی قیمت میں چار روپے کمی سے عوام کو ریلیف نہیں ملے گا، حکومت بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کرے۔