لاہور کے پُرانے راوی بریج کی حالت زار، ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا

04-23-2024

(لاہور نیوز) لاہور کے پُرانے راوی بریج کی حالت زار ہو گئی، شہر کے داخلی و خارجی راستہ پر ٹریفک کا جام رہنا معمول بن گیا۔

ماضی میں ایل ڈی اے کی جانب سے داخلی راستوں پر کئی میگا پراجیکٹس مکمل تو کئے گئے لیکن ٹریفک کی حالت بہتر نہ ہو سکی، لاہور میں داخل ہونے کے لئے ابھی بھی شہریوں کو لمبی قطاروں میں لگنا پڑ رہا ہے، پُل کی حالت بہتر بنانے کے لئے ایل ڈی اے نے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی۔ لاہور نیوز کو موصول ہونے والی سمری میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ راوی بریج سے روزانہ کی بنیاد پر تین لاکھ گاڑیاں گزرتی ہیں، پُل کی حالت زار ہونے سے ٹریفک کا جام رہنا معمول رہتا ہے، شاہدرہ فلائی اوور اور راوی بریج کی توسیع کے باوجود ٹریفک کا دباؤ کم نہیں ہو گا، ایل ڈی اے نے پُرانے راوی بریج کی بہتری کے لئے 22 کروڑ 53 لاکھ روپے کے فنڈز مانگ لئے، راوی بریج کی بہتری کا کام ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ پلان کے مطابق راوی بریج کے جوائنٹس کی مرمت و بحالی، روڈ کارپٹنگ اور بیوٹیفکیشن کا کام کیا جائے گا جس سے تین لاکھ گاڑیوں کو روزانہ فائدہ ہو گا، بادامی باغ، سبزی منڈی، آزادی انٹرچینج، شاہدرہ آبادی، پُرانا راوی آبادی، لاہور رنگ روڈ اور ملحقہ آبادیوں کو بھی فائدہ ہو گا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی۔