190ملین پاؤنڈریفرنس: بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کیخلاف 6گواہوں کے بیانات قلمبند

04-23-2024

(لاہور نیوز) 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف مزید 6 گواہوں کی بیانات قلمبند کرلیے گئے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا عثمان گل اور ظہیر عباس بھی عدالت پیش ہوئے، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید چھ گواہوں کے بیان قلمبند اور دو گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی۔ ریفرنس میں مجموعی طور پر 21 گواہوں کے بیان قلم بند اور 15 پر جرح مکمل کر لی گئی جس کے بعد سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ رواں سال 6 جنوری کو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پر فردِ جرم عائد نہیں ہوسکی تھی ، بعد ازاں 6 مارچ کو ہونے والی سماعت میں نیب کے 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے تھے۔ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 6 شریک ملزمان کو اشتہاری اور مفرور مجرم قرار دے دیا تھا۔