ٹیم مینجمنٹ رضوان کا بیٹنگ آرڈر بدلنے کی خواہاں، بابر کی مخالفت
04-23-2024
(لاہور نیوز) ٹیم مینجمنٹ نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کرکٹ ٹیم مینجمنٹ ایک بار پھر قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کیلئے کوشاں ہے، ٹیم مینجمنٹ محمد رضوان کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کر کے انہیں چوتھے نمبر پر بھیجنا چاہتی ہے۔ ٹیم ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم محمد رضوان کو بیٹنگ کیلئے چوتھے نمبر پر بھیجنے کے حق میں نہیں۔ ذرائع کے مطابق بابر اعظم محمد رضوان کو اوپنر کی حیثیت سے بیٹنگ کروانا چاہتے ہیں ،بابر کی رائے ہے کہ اگر صائم ایوب بطور اوپنر ناکام ہوئے ہیں تو رضوان ہی اوپن کریں جبکہ رضوان ذاتی طور پربھی نمبر4 پر کھیلنے کےحق میں نہیں ہیں۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی میں بطور اوپنرہی کھیلناچاہتے ہیں، بطور اوپنر پرفارمنس کے باوجود نئے نمبر کی تجویز پر رضوان کو تشویش ہے، ، ٹیم مینجمنٹ محمد رضوان کی جگہ عثمان خان یا فخر زمان کو نمبر 3 پر کھلانا چاہتی ہے۔ رضوان کی بقیہ میچز میں شرکت مشکوک دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ انجری کے باعث قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی کیویز کیخلاف بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے،محمد رضوان کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے آج فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وکٹ کیپر کو تکلیف سے نجات کے لیے آرام کی ضرورت ہے، ٹیم مینجمنٹ سکین رپورٹ کی روشنی میں محمد رضوان کے کھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ محمد رضوان کیویز کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹانگ کی تکلیف کا شکار ہوئے۔