ہانیہ عامر کی بھارتی ریپر بادشاہ کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیاکی زینت بن گئی
04-22-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر اوربھارتی گلوکار و ریپر بادشاہ کی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار بادشاہ کی دوستی کے خوب چرچے ہیں، یہ دونوں فنکار اکثر دبئی میں ملاقات کرتے ہیں جس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں لیکن پاک بھارت مداح ان دونوں فنکاروں کی دوستی سے ناخوش ہیں۔ اب ہانیہ عامر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر بادشاہ کے ہمراہ اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دونوں فنکاروں کے درمیان خوشگوار بات چیت ہوئی۔ دونوں مشہور شخصیات متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے کراٹے کمبیٹ 45 کا فائنل میچ دیکھنے دبئی پہنچی تھیں جس میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔ ویڈیو میں ہانیہ عامر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ یہاں بادشاہ کا کنسرٹ جاری ہے اور میں اس کنسرٹ کی واحد شرکا ہوں،اسی مزاحیہ کنسرٹ میں بادشاہ نے ہانیہ عامر کے لیے مختلف گانے گنگنائے جبکہ اداکارہ نے بھی بھارتی گلوکار کے کہنے پر گانا گایا۔ اسی دوران بادشاہ نے ہانیہ عامر سے پوچھا کہ سوشل میڈیا پر اتنا زیادہ متحرک رہنا کیوں ضروری ہے؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ یار! آپ کا مسئلہ کیا ہے؟بادشاہ نے ہانیہ عامر کی سوشل میڈیا پر زبردست فین فالوونگ سے متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ میں اتنی محنت کرتا ہوں لیکن سوشل میڈیا پر میری اتنی فین فالوونگ نہیں جتنی تمہاری ہے، ایسا کیوں ہے؟ بھارتی گلوکار کی بات سُن کر ہانیہ عامر اپنی ویڈیو کا اختتام کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ پاکستانی اور بھارتی مداحوں کا شکریہ، شب بخیر۔