مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، کچھ بھی قوتِ خرید میں نہ آ سکا
04-22-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ برقرار ہے، کچھ بھی قوتِ خرید میں نہ آ سکا۔
شہریوں کو مہنگائی سے چھٹکارا نہ مل سکا، پیاز کی قیمت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی، دیگر سبزیاں اور پھل بھی سرکاری نرخ نامے کے برعکس مہنگے داموں فروخت کئے جانے لگے، مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی کی جانب سے 9 سبزیوں کے نرخ میں اضافہ ہو گیا۔ پیاز 15 روپے مہنگا ، 150 روپے کلو مقرر ، درجہ اول خشک پیاز 220 روپے فی کلو تک دستیاب ہے، ادرک چائنہ 600 روپے کے بجائے 700 روپے جبکہ لہسن چائنہ 645 روپے کے بجائے 750 روپے فی کلو تک فروخت کیا جانے لگا۔ اس کے ساتھ ساتھ لیموں چائنہ 200 روپے کے بجائے 280 روپے، میتھی 65 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو بکنے لگی، آلو بھی 68 روپے کے بجائے 100 روپے اور ٹماٹر 105 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے، پالک 60 روپے، بند گوبھی 80 روپے جبکہ گاجر چائنہ 100 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔ ادھر برائلر گوشت 12 روپے سستا ہو کر بھی 687 روپے فی کلو کی بلند سطح پر موجود ہے،فارمی انڈے 254 روپے فی درجن میں دستیاب ہیں۔ شہری کہتے ہیں عوام مہنگائی سے پس رہے ہیں اور حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ شہری سیب کالا کولو 270 روپے، خربوزہ 150 روپے، سٹرابری 160 روپے فی کلو جبکہ کیلا 200 روپے فی درجن خریدنے پر مجبور ہیں۔