مہنگائی کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے پرائس کنٹرول کے قانون بارے رپورٹ طلب
04-22-2024
(لاہور نیوز) ملک میں مہنگائی کے خلاف ہائیکورٹ میں دائر آئینی درخواست پر عدالت نے پنجاب حکومت سے پرائس کنٹرول کے نئے قانون سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔
ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر کنٹرول کرنے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں ملک میں جاری مہنگائی کے اقدام کو چیلنج کیا گیا اور مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں جاری مہنگائی کو حکومت کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، چیزوں کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عام آدمی پریشان ہے، عدالت اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور ملک میں جاری مہنگائی کم کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا اب صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اس میں وفاقی حکومت کا لینا دینا نہیں ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرائس کنٹرول کا پرانا قانون تو ختم کر دیا گیا تھا، پھر اب کیا پنجاب قانون کے بغیر چل رہا ہے؟ عدالت نے صوبائی حکومت سے نئے پرائس کنٹرول قانون سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔