صنم سعید نے طلاق میں اضافے کی وجوہات سے پردہ اٹھا دیا
04-22-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے معاشرے میں طلاق کی بڑھتی شرح کی وجوہات سے پردہ اٹھا دیا۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ صنم سعید نے جہاں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا وہیں انہوں نے معاشرے میں طلاق کے بڑھتے رجحان پر بھی کھل کر بات کی۔ طلاق کی بڑھتی شرح پر بات کرتے ہوئے صنم سعید کا کہنا تھا کہ آج خواتین معاشی طور پر زیادہ خود مختار ہیں اور اپنے حقوق سے واقف ہیں، ماضی میں یہ رواج نہیں تھا اور خواتین زیادہ تر اپنی مالی ضروریات کے لئے مردوں پر انحصار کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار انہیں تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود کوئی اور سہارا نہیں ملتا تھا لیکن اب دور بدل گیا ہے، اب لڑکیاں اپنے لئے کھڑی ہو گئی ہیں جس وجہ سے طلاق کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ صنم نے اداکار محب مرزا سے شادی کی ہے اور اگرچہ یہ جوڑا خوشگوار زندگی بسر کر رہا ہے لیکن انہوں نے ماضی میں دل ٹوٹنے اور نقصانات کا بھی تجربہ کیا ہے۔