پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی شبیر گجر کیخلاف مقدمہ درج،10 دفعات شامل

04-22-2024

(لاہورنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کیخلاف 10 دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں سب انسپکٹر ضیاء الحق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں شبیر گجر سمیت سات نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شبیر گجر کیخلاف مقدمہ پولیس جوان شہباز سے سرکاری رائفل چھیننے، پولیس اہلکار راحت کی وردی پھاڑنے، اقدام قتل، پولیس پر حملہ آور ہونے سمیت 10 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ  ویلنشیا ٹاؤن کے قریب دو گاڑیوں کو پولیس ناکہ  پر روکا گیا، گاڑیوں میں 7 سے 8 افراد سوار تھے جنہوں نے پولیس پر گاڑیاں چڑھا دیں، گاڑیاں بیریئر کو جالگیں جس سے بیریئر ٹوٹ گئے اور مسلح افراد نے پولیس پر حملہ کردیا۔