پی پی 149: پریذائیڈنگ آفیسر نے پولنگ ایجنٹس سے پہلے ہی فارم45 پر دستخط کرالئے
04-21-2024
(لاہور نیوز) لاہور کے حلقہ پی پی 149 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پولنگ سٹیشن نمبر 127 کے پریذائیڈنگ آفیسر نے پولنگ ایجنٹس سے پہلے ہی دستخط کرالئے۔
پریذائیڈنگ آفیسر نے پولنگ ایجنٹوں سے پہلے ہی فارم 45 پر سائن کرانے کا اعتراف بھی کر لیا۔ پولنگ سٹیشن نمبر 127 کے پریذائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ فارم 45 پر دستخط وقت بچانے کے لئے کرائے، شام کو وقت کم ہوتا ہے اس لئے دستخط کرائے۔ فارم 45 قبل ازوقت سائن کرانے پر سنی اتحاد کونسل کے سپورٹرز اور پریذائیڈنگ آفیسر میں تکرار اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار حافظ ذیشان نے پریذائیڈنگ آفیسر کے اس عمل کو پری پول رگنگ قرار دیتے ہوئے پولنگ سٹیشن میں ساتھیوں کے ساتھ دھرنا دیدیا۔