کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دینگے: آئی جی پنجاب
04-21-2024
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کیلئے تیار ہے، 663 مردانہ، 649 زنانہ، 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز اور الیکشن عملے کو بھرپور تحفظ دیں گے، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 35 سے زائد افسران و جوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سکیورٹی الرٹ ہے اور لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الائیڈ محکموں، آرمڈ فورسز، سکیورٹی اداروں کے تعاون سے پرامن اور شفاف پولنگ کا عمل یقینی بنائیں گے، ووٹرز، پولنگ عملے اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز اور سینئر افسران تمام تر انتظامات کا خود جائزہ لیں، حساس پولنگ سٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہیں، صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کی جائےگی۔ آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنائیں گے، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کارروائی ہوگی، ملک دشمن و شر پسند عناصر کے تدارک کیلئے بارڈر ایریاز چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پولیس ٹیمیں ڈیوٹی پوائنٹس پر پولنگ عمل اختتام پذیر ہونے تک ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں۔