شادی اور ماں بننے کے بعد بورڈ کی سپورٹ سے کم بیک کامیاب ہوا: بسمہ معروف
04-20-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ شادی اور پھر ماں بننے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور والدین نے بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئی۔
ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف ان دنوں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف سیریز کھیل رہی ہیں اس دوران وہ اپنی بیٹی فاطمہ کی بھی دیکھ بھال کررہی ہیں۔ ایک غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں بسمہ معروف نے بتایا کہ شادی اور پھر ماں بننے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور والدین نے بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے میں کم بیک کرنے میں کامیاب ہوئی، کامن ویلتھ گیمز 2022 میں میری بیٹی فاطمہ اور میری والدہ کا ایکریڈیشن نہیں ہوا تھا جس کے بعد میں نے جب پاکستان کرکٹ بورڈ سے چھٹی کی بات کی تو انہوں نے بتایا پی سی بی نے پیرنٹل سپورٹ پالیسی بنا دی ہے۔ جب شادی ہوئی تو ذہن میں سوال تھا کرکٹ کیریئر کو کیسے آگے بڑھاؤں گی؟ سابق کپتان بسمہ معروف نے بتایا کہ پالیسی بننے کے بعد لگا کہ اب مجھے واپسی کرنی چاہیے،بورڈ میرا خیال رکھ رہا ہے ، پی سی بی کی اتنی اچھی سپورٹ ملنے پر میں ان کی شکر گزار ہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپورٹ کیا، میری والدہ اور بیٹی کی ایکریڈیشن کیلئے بہت کوشش کی جب والدہ اور بیٹی کی ایکریڈیشن مل گئی تو میں نے ماں بن کر کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔ قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ماں بننے کے بعد بھی آپ کھیل جاری رکھ سکتے ہیں اور کم بیک کرسکتے ہیں، یہ حقیقیت ہے کہ جب میری شادی ہوئی تو ذہن میں سوال تھا کرکٹ کیریئر کو کیسے آگے بڑھاؤں گی شادی کے بعد کیا کروں گی؟ کیا میری کرکٹ ختم ہوجائے گی؟ کیونکہ میرے لیے کرکٹ کو چھوڑنا آسان نہیں تھا کئی سالوں کی محنت تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب میں پاکستان کی کپتان بنی تو والدین نے بھرپورساتھ دیا، والدین نے سمجھایا شادی اور بچے کی پیدائش کے بعد بھی آپ کھیل سکتے ہیں، پاکستان ٹیم میں جگہ بنا سکتی ہیں، والدین کی سپورٹ کی وجہ سے میں واپس کرکٹ میں آئی اور کھیل رہی ہوں۔