محکمہ موسمیات نے بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آمد کی نوید سنا دی
04-19-2024
(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے 23 اپریل سے بارشیں برسانے والے نئے نظام کی آمد کی نوید سنا دی۔
یوں تو ماہ اپریل کے دوران معمولی طور پر ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ دیکھنے میں آتا رہتا ہے لیکن اِس مرتبہ صورت حال کافی مختلف نظر آ رہی ہے، ماہ اپریل کے آغاز سے ہی بارشیں برسانے والے سسٹمز کی آمد کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے، اِس وقت بھی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موجود ایک سسٹم کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش برسانے کا باعث بن رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ نظام 21 اپریل تک قیام کرے گا اور اِس کی رخصتی کے بعد 23 اپریل سے ایک نئے نظام کی آمد متوقع ہے، نیا نظام بھی لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں اپنے اثرات مرتب کرے گا، اِسی تناظر میں پی ڈی ایم اے کی طرف سے کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی آنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ صورت حال کے پیش نظر شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔