عدالت کا بشریٰ بی بی کا اینڈوسکوپی ٹیسٹ کروانے کا حکم

04-19-2024

(لاہور نیوز) احتساب عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی معائنے سے متعلق درخواستیں منظور کر لی گئیں، عدالت نے بشریٰ بی بی کا اینڈوسکوپی ٹیسٹ 2 روز میں کروانے کا حکم دے دیا۔

راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی، عدالت نے دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کا اینڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے 2 روز میں کروانے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کا اینڈوسکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کے زیرِ نگرانی کروایا جائے۔ جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواریں بھی فوری ختم کرنے کا حکم دیا، عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھے گی۔ عدالتی حکم کے بعد سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ لیا گیا ، پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کر دی۔ اس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا، صحافیوں نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں ، جس پر جج ناصر جاوید رانا نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔ بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔