سرکاری اداروں کے بجلی بلوں میں اوورچارجنگ کے پری آڈٹ کا فیصلہ

04-19-2024

(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری محکموں میں مالی 23-2022 میں 76.02 بلین کی بجلی کے بلوں میں اوورچارجنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اداروں کے بجلی کے بلوں میں اوورچارجنگ کے پری آڈٹ کا فیصلہ  کیا گیا ہے، انرجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی فراہم کردہ تفصیلات پر پری آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری اداروں نے 1915.85 گیگا واٹ بجلی استعمال کی، پنجاب بھر میں سرکاری اداروں سے اوورریڈنگ ،اوور چارجنگ کی گئی۔ رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ دفاتر بجلی کے بلوں کی مد میں ادائیگی رقوم کی تفصیلات ارسال کریں، تمام سرکاری دفاتر اے جی آفس،متعلقہ اکاؤنٹس دفاتر  کو بجلی کے بل ارسال کریں، اصل میٹر ریڈنگ اور اوور بلنگ کتنی کی گئی تفصیلات اکاؤنٹ آفس کو ارسال کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق اوور بلنگ کا معاملہ بجلی کی ترسیل کار کمپنیزکے سامنے رکھا جائے گا، آڈٹ ڈیپارٹمنٹ ،اکاؤنٹ دفاتر،اکاؤنٹ جنرل اور فنانس ڈیپارٹمنٹ معاملہ کی جانچ پڑتال کرےگا۔  رپورٹ کی روشنی میں صوبائی محکموں نے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی مد میں رقوم کا ڈیٹا اکٹھا شروع کردیا۔