لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو آئی ٹی حب بنانا چاہتی ہوں : مریم نواز

04-19-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو عالمی سطح پر آئی ٹی حب بنانا چاہتی ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا،اجلاس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا،سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے چین میں روڈ شوزپر رپورٹ پیش کی۔ پاکستان کے سب سے بڑے اور پہلے آئی ٹی سٹی میں 16 چینی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا،چین کی 8 کمپنیاں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فوری طور پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق سنگا پور،انگلینڈ، ابو ظہبی اور دیگر ممالک میں بھی آئی ٹی سٹی کے لئے روڈ شوزپیش کیے جائیں گے،ملک بھر میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے لئے رواں ماہ سے اگست تک روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے۔ مریم نواز نے  آئی ٹی سٹی کے لئے دنیا کی بہترین آرکیٹکچرل کمپنیز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دیدی ۔ انہوں نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بزنس کال سنٹرزکے لئے دو ٹاورزمختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف  نے  نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ   لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو عالمی سطح پر آئی ٹی حب بنانا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں  سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق،سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب کے سی او او بریگیڈیئر ریٹائرڈ منصور جنجوعہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔