آرمی چیف سے سعودی معاون وزیر دفاع کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر غور
04-19-2024
(ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع طلال بن عبداللہ ال اوطیبی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ملٹری تربیت کےامور کا بھی جائزہ لیا گیا، آرمی چیف نے سعودی رائل فوج کی صلاحیت بڑھانے کے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ سعودی وزیر نے دہشتگردانہ کارروائیوں کیخلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا، سعودی وزیر نے عالمی امن اور استحکام کے لیے پاک فوج کے کردارکو بھی تسلیم کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر نے جی ایچ کیو میں پاکستان سعودی عرب دفاعی مشاورتی اجلاس میں بھی شرکت کی، اجلاس میں عالمی و علاقائی سکیورٹی چیلنجز اور سکیورٹی فورسز پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ دوران اجلاس دفاع کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے اور تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں زمینی ،فضائی اور بحریہ کے شعبوں میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صلاحیتیں بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا جبکہ مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لیے سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔