چوتھی انٹرنیشنل برن کانفرنس اور برن آگاہی واک آج جناح ہسپتال میں ہو گی
04-19-2024
(ویب ڈیسک) جناح ہاسپٹل کے برن سنٹر میں چوتھی انٹرنیشنل برن کانفرنس اور آگہی واک آج جمعہ کے روز ہو گی۔
جناح ہاسپٹل لاہور کے برن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام چوتھی انٹرنیشنل برن کانفرنس آج صبح نو بجے شروع ہو گی جس میں آسٹریلیا، انگلینڈ، امریکہ اور دیگر ممالک سے برن کے علاج کے ماہرین شریک ہو رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں ماہرین برن کے موضوع پر ہونے والی نئی ریسرچز شیئر کریں گے اور مریضوں کو بہتر سروسز کی فراہمی کے لئے نئی ٹیکنالوجیز اور سٹریٹجیز پر بحث و مباحثہ کریں گے۔ انٹرنیشنل برن کانفرنس کے اختتام پر آگہی واک میں برن کے مریضوں کو درپیش عمومی مسائل اور ان کے بہتر حل کے لئے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ واک میں جل جانے کے حادثات سے بچنے کے لئے عمومی احتیاطی تدابیر اور بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا۔ برن آگہی واک کے بعد برن سنٹر میں بچوں کے لئے 20 بیڈز کی نئی برن وارڈ کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ جناح ہاسپٹل کے برن سنٹر میں پہلے ہی حادثات میں جل جانے والے بچوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، جلنے کے مریضوں کی تعداد اور بچوں کے لئے خصوصی توجہ کی ضرورت کے پیش نظر برن سنٹر میں بچوں کیلئے مزید 20 بیڈز کی برن وارڈ کا اضافہ کل کیا جا رہا ہے۔