ایس ایچ او سمیت 7 اہلکاروں کیخلاف اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج
04-19-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکاروں کیخلاف اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او وحدت کالونی افضال رؤف، سب انسپکٹر عادل، سب انسپکٹر اکرام اور علی بٹ سمیت 7 اہلکاروں کیخلاف اغواء برائے تاوان کا مقدمہ تھانہ فیروزوالہ میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا کہ 15 اپریل کو الیاس اور اس کے ڈرائیور انتظار سمیت 3 افراد کو اغواء کر کے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت نے بتایا ہے کہ الیاس نامی شہری اور اسکے ڈرائیور کو ایک کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا گیا تھا، مغویوں کو اغواء کرنے کے بعد وحدت کالونی کے ایک کوارٹر میں رکھا گیا، پولیس نے مقدمے میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔