مریدکے : ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو گھر سے کروڑوں روپے کا سامان لوٹ کر فرار

04-19-2024

(لاہور نیوز) مریدکے میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہو گئی، ڈاکو گھر میں گھس کر کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ کر لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 سے 4 ڈاکو مریدکے کے علاقے فیصل کالونی میں واقع گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 45 تولے طلائی زیورات، قیمتی موبائل اور امریکی ڈالر لوٹ کر لے گئے۔ واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد اہم شواہد اکٹھے کر لیے، متاثرہ فیملی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے نامعلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی گئی۔