نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
04-18-2024
(لاہور نیوز) نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حافظ نعیم الرحمان حلف لیتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔
حلف اٹھانے کے بعد جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حافظ نعیم الرحمان کو مبارکباد دی، حلف برداری کے بعد سراج الحق سے گلے ملتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کی آنکھیں بھر آئیں۔ حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کو 76 سال ہو گئے ہیں، یہ تحریک امن کے قیام کی تحریک ہے، یہ تحریک ظلم اور فساد کو مٹانے کی تحریک ہے۔ امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک ایک منظم تحریک ہے، ہم سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کریں گے، ہم جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر مسئلہ آج تک اقوام متحدہ میں حل طلب ہے، فلسطین میں 35 ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، دنیا میں جمہوری اقدار اپنے اعلانات کے مطابق نہیں، دہشت گرد ملک فلسطینیوں کو مار رہا ہے یہ کونسی جمہوریت ہے؟ انہوں نے سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے باپ کی طرح سب کو ساتھ رکھا، سراج الحق نے اس تحریک کی بھرپور طریقے سے قیادت کی ہے، جماعت اسلامی پوری قوم کو لیڈ کرے گی، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم اپنی پالیسی کے مطابق آگے بڑھیں گے۔