ملت ایکسپریس واقعہ، ریلوے کانسٹیبل کے خاتون کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے، رپورٹ
04-18-2024
(لاہور نیوز) ملت ایکسپریس میں ریلوے کے پولیس کانسٹیبل نے مریم بی بی پر تشدد کیا لیکن خاتون کی ہلاکت میں ملوث نہیں پایا گیا۔
7اپریل کو ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس کے کانسٹیبل میر حسن نے خاتون مریم بی بی پر تشدد کیا،ویڈیو وائرل ہوئی تو کانسٹیبل گرفتار ہوا، مقدمہ درج کرنے کے بعد ریلوے حکام کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کر کے رپورٹ چیئرمین ریلوے کو پیش کر دی گئی ہے، کمیٹی نے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل میر حسن کے خاتون کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے، کانسٹیبل کی سی ڈی آر اور حیدر آباد ریلوے سٹیشن پر حاضری کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا، خاتون کی ہلاکت کے وقت کانسٹیبل ٹرین میں موجود نہیں پایا گیا۔ ذرائع کے مطابق کانسٹیبل کو خاتون پر تشدد کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی اور ایس ایچ او ریلوے حیدر آباد کو بھی سنگین غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون کی ہلاکت ٹرین سے گرنے یا چھلانگ لگانے سے ہوئی۔ کمیٹی مزید شواہد اکٹھے کرنے کے بعد انکوائری رپورٹ مکمل کرے گی، ابتدائی رپورٹ بھی چیئرمین ریلوے کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔