ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی اشد ضرورت ہے: صدر مملکت
04-18-2024
(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو حالیہ سیاسی بحران سے نکالنے کی اشد ضرورت ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بار صدر منتخب کرنے پر اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کا تہہ دل سے مشکور ہوں، بطور صدر میں نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دینے کا فیصلہ کیا، ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، ہمارا ایجنڈا اور خیالات ہی ملک کو مضبوط بنائیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی زندگی جمہوریت اور انصاف کے لئے وقف کی، معیشت کی بحالی کے لئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا، ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت میں جا رہا ہے، لوگوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید پھیلانے کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام خوش آئند ہے، تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا، ہمیں عوام کی ترجیحات کو پورا کرنا ہو گا، ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانا ناممکن نہیں، حکومت مہنگائی کم کرنے، ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے لئے معاشی اصلاحات کرے گی۔