ڈی جی ایل ڈی اے کا ایل ڈی اے ایونیو ون کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

04-18-2024

(لاہور نیوز) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایل ڈی اے ایونیو ون کا دورہ کیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے مختلف بلاکس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، ایل ڈی اے ایونیو ون میں سسٹین ایبل گروتھ ماڈل کے تحت مجوزہ اقدامات کا جائزہ بھی لیا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، پراجیکٹ ڈائریکٹر ذیشان عثمانی اور ڈائریکٹر ایل ڈی اے ایونیو ون اسداللہ چیمہ نے بریفنگ دی، ایونیو ون میں ونڈنگ پوائنٹس، واک ویز، سائیکلنگ وگرینری کے فروغ و دیگر اقدامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے ایونیو ون اور جوبلی ٹاؤن کے رہائشیوں کے لئے سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر شہر کو لیوایبل بنانے کے لئے مرحلہ وار اقدامات کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے اپنی سوسائٹیوں میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا) کا بھی دورہ کیا، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے شہر میں ٹریفک روانی کے 82 اہم مقامات پر کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ ٹیپا، ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ان تمام مقامات پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ اجلاس میں ایم ایم عالم روڈ اور گلبرگ کے مختلف علاقوں میں کئے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ایم ایم عالم روڈ کے دونوں اطراف فٹ پاتھ سے تجاوزات ختم کر دی گئیں ہیں، پیچ ورک، کرب سٹون کے پینٹ سمیت دیگر اقدامات بھی کئے گئے ہیں، شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے غیر قانونی سائن بورڈز بھی ہٹائے گئے ہیں، شہر کے 1560 مختلف مقامات پر پیچ ورک کا کام کیا گیا ہے، شہر میں سائیکلنگ کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے مختلف مقامات پر سائیکلنگ ٹریکس بنانے پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار احمد، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور ٹیپا کے متعلقہ افسران موجود تھے۔