مریم نواز نے تین بار کے وزیراعظم کو تنوروں کی چیکنگ پر لگادیا: احمد خان بھچر

04-18-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تین بار کے وزیراعظم کو تنوروں کی چیکنگ پر لگادیا۔

نجی ہوٹل میں ایک تقریب  سے خطاب  کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے رہنما ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ  بیٹی روٹی کی قیمت کم کرتی ہے چچا پٹرول کی قیمت آٹھ روپے بڑھا دیتے ہیں، پنجاب والے روٹی 16 روپے کی کرکے دھوکہ دے رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 8 فروری کی رات کو جو کام ہوا  آج تک ہم اس سے متاثرہ ہیں، الیکشن کمیشن سے انصاف نہیں ملنا لیکن خط لکھ کر حالات بتا رہے ہیں، ہمارے کسی امیدوار کو جلسہ اور نہ ہی کارنر میٹنگ کی اجازت دی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی کی گاڑی والا معاملہ بیورو کریسی کی سازش تھی، بیورو کریسی نے اپنی گاڑی کے لئے ایک اور گاڑی شامل کردی، وزیر اعلیٰ کے پی نے سمری مسترد کردی دوسری طرف پنجاب میں مریم نواز کی گاڑی کے لئے اڑھائی کروڑ کے ٹائر خریدے گئے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے محکمہ سماجی بہبود نے مشیر مشال یوسفزئی کیلئے ایک کروڑ 71لاکھ 7ہزار روپے کی نئی گاڑی خریدنے کیلئے صوبائی حکومت سے اجازت طلب کی تھی۔