سیاستدانوں کے نام سے سرکاری عمارتوں کو منسوب کرنے کیخلاف درخواست مسترد

04-18-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سیاست دانوں کے نام سے سرکاری عمارتوں، شاہراہوں اور دیگر مقامات کو منسوب کرنے کیخلاف درخواست مسترد کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست  گزار کی جانب سے  ندیم سرور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے علامہ اقبال کی والدہ امام بی بی کے نام سے منسوب ہسپتال کو اپنے والد کے نام میں تبدیل کیا، نواز شریف اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں کے نام پر سرکاری عمارتیں اور سڑکیں ہیں۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عوامی پیسے کو ذاتی تشہیر پر استعمال نہیں کیا جاسکتا، سرکاری عمارتوں کو قومی ہیروز ،سائنس اور ادب کی دنیا میں اعلیٰ مقام رکھنے والے افراد کے نام سے منسوب کیا جاسکتا ہے۔ درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ سرکاری عمارتوں ،پارکس اور ہسپتالوں کے نام سیاست دانوں سے منسوب کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے۔ دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ غیر ضروری درخواستوں کی وجہ سے عدالت کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ بعدا زاں لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری عمارتوں کو سیاسی شخصیات کے ناموں سے منسوب کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔