وزیر داخلہ کا زائد المیعاد شناختی کارڈز پرجاری موبائل سمز بند کرنے کا حکم
04-18-2024
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ، چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ وزیرداخلہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کا حکم دیا جبکہ پنجاب کے ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں ماڈل نادرا آفس بنانے کی ہدایت بھی کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں ماڈل تھانوں کے قیام سے عوام کو سہولت کے ساتھ پولیس کے امیج میں بھی بہتری آئی، ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے سرٹیفکیٹس کے لیے یونین کونسل دفاتر کے ساتھ مل کر سہل نظام متعارف کرایا جائے، شہریوں کے ڈیٹا کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے موبائل پلیٹ فارمز پر مزید سہولیات فراہم کی جائیں، ادارے کے اقدامات کی ترویج کیلئے سوشل میڈیا کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی کارکردگی کو سراہا۔