رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز

04-18-2024

(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت نے لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔

ملیر کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی لائرز فورم سندھ کے نائب صدر خالد محمود ایڈووکیٹ کی  رانا ثنااللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست میں  ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او ملیر سٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ  کئی چینلز اور سوشل میڈیا پر رانا ثناءاللہ کا انٹرویو سنا ،رہنما مسلم لیگ ن نے بانی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی دھمکی دی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ملیر سٹی پولیس کو رانا ثنا ء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی جائے۔ بعدازاں عدالت نے راناثناء اللہ کےخلاف مقدمے کےاندراج کی درخواست پر ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او ملیرسٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 20 مئی  تک ملتوی کردی۔