شہر کے متعدد تنوروں پر فی روٹی 16 اور نان 20 روپے میں فروخت ہونے لگا

04-17-2024

(لاہور نیوز) شہر بھر کے متعدد تنوروں پر فی روٹی 16 اور نان 20 روپے میں فروخت ہونے لگا۔

شہرِ لاہورمیں سستی روٹی اور سستے نان کے چرچے ہونے لگے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سستی روٹی کے فیصلے کو عوام میں پذیرائی ملنے لگی، مہنگائی کے اس دور میں غریب مزدوروں اور سفید پوش طبقے کے لئے روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کی گئی، شہر میں موجود دس ہزار تنوروں میں سے اکثر پر روٹی 16 اور نان 20 روپے میں فروخت ہونے لگا جبکہ اربن اور پوش علاقوں کے متعدد تنوروں پر روٹی مہنگی فروخت ہو رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ سرتوڑ کوشش کر کے وہاں بھی عمل درآمد کروانے کے لئے متحرک ہے، شہریوں نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ روٹی اور نان سستا ملنا بھی کسی نعمت سے کم نہیں۔ دوسری جانب نان بائی ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پانچ روز کا الٹی میٹم دے دیا کہ اگر نان روٹی سستی فروخت کروانی ہے تو آٹا اور فائن آٹا دونوں سستے فراہم کئے جائیں نہیں تو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے روٹی، نان سستا کرنے کے فیصلے کو خیبر پختونخوا میں بھی پذیرائی ملنے لگی۔