آسمانی بجلی گرنے اور مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق
04-17-2024
(لاہور نیوز) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بلوچستان میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کے اثرات شدید ہونے لگے، گوادر، چاغی، نوکنڈی اور جیونی سمیت پہاڑی علاقوں میں تیز بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سیلابی ریلوں سے متعدد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ تیز ہواؤں سے گھروں پر لگے سولر پینلز اُڑ گئے، چاغی میں حالیہ طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، 1100 سے زائد کچے گھر متاثر ہوئے ہیں۔ پنجاب میں کل سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔