ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، انسانی سمگلرز کے گروہ کا اہم کارندہ گرفتار
04-17-2024
(لاہور نیوز) ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلرز کے گروہ کا اہم رکن گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کے گروہ کے بدنام زمانہ ایجنٹ طیب حسین کو کھیڑہ گاؤں شیخوپورہ سے گرفتار کیا، ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرنے میں ملوث تھا۔ حکام کے مطابق ملزم نے شہری کو غیر قانونی طور پر زمینی راستے سے ترکی بھجوانے کے لیے 9 لاکھ روپے بٹورے، ملزم کا ایک بھائی بھی ترکی میں سمگلنگ میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہے، ملزم سوشل میڈیا گروپس اور ایپس کا استعمال کر کے معصوم شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے کے اشتہارات لگاتا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔