پی ڈی ایم اے کا کل سے پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ

04-17-2024

(لاہور نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کل سے پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کل بروز جمعرات  سے صوبہ بھر میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش ہو گی۔ ڈی جی خان، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ، پی ڈی ایم اے نے بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے امکان کا بھی اظہار کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال میں آسمانی بجلی کی گرج چمک کے امکانات زیادہ ہیں اس لیے  بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، خراب موسمی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز مت جائیں۔ عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے، لینڈ سلائیڈ نگ والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہئے، ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔