کوٹ لکھپت: سیف سٹی نے لڑکی کو بلیک میل کرنیوالا لڑکا گرفتار کروا دیا
04-17-2024
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے کوٹ لکھپت کے علاقے میں لڑکی کو بلیک میل کرنے والا لڑکا گرفتار کروا دیا۔
بلیک میلر لڑکے نے ٹک ٹاک پر لڑکی کی ویڈیوز اپ لوڈ کی تھیں، متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا کہ لڑکے نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ سیف سٹی ترجمان کے مطابق متاثرہ لڑکی نے کوٹ لکھپت کے علاقے سے 15 ایمرجنسی پر کال کی، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے لڑکی کو کال کے دوران لائیو مانیٹر بھی کیا جاتا رہا۔ ترجمان نے بتایا کہ سیف سٹی ٹیم نے لڑکی کی شکایت پر فوراً کوٹ لکھپت پولیس کو موقع پر بھجوایا ،سیف سٹی کیمروں سے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اتھارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ خواتین اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موبائل میں "ویمن سیفٹی ایپ" انسٹال کریں،خواتین ویمن سیفٹی ایپ کے الرٹ 15 اور لائیو چیٹ فیچرز سے فوری مدد حاصل کرسکتی ہیں۔