وزیر داخلہ کا ملک بھر میں اووربلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم
04-17-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اوور بلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پاکستان بھر میں اوور بلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلا امتیاز ایکشن کا حکم دیا ہے، اوور بلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور ایف آئی اے کے افسران کو اوور بلنگ اور بجلی چوروں کے خلاف 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی ہدایت کردی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ عوام سے ظلم کے مترادف ہے، ملوث عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں، اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوراً ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کے واقعات پر قابو پانے کے لئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں ایف آئی اے کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔