ریلوے ڈویژنز میں انچارجز سپیشل برانچ کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار

04-17-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر کے ریلوے ڈویژنز میں انچارجز سپیشل برانچ کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دے دی گئی۔

سی پی او ریلوے نے افسران اور اہلکاروں کےلیے نئے ایس او پیز جاری کردیئے جس کے مطابق مسافر کو پہلے سلام، پھر کلام ہوگا۔ ریلوے پولیس کو ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والے مسافروں کی باز پرس سے بھی روک دیا گیا۔ سی پی او  ریلوے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ  ٹکٹ چیک کرنا ریلوے کے عملے کا کام ہے، پولیس مداخلت نہیں کرے گی،  ریلوے پولیس اہلکاروں کو باوردی رہنے اور نیم بیج واضح طور پر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی  جبکہ نشے کے عادی ریلوے پولیس ملازمین کا ریکارڈ بھی 3 روز میں جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ایس او پیز کے مطابق ریکروٹ کورس کے بغیر غیر کوالیفائیڈ اہلکاروں کو کسی بھی مرکزی پوائنٹ پر تعینات نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کی فہرست بھی طلب کرلی گئی۔ لاہور  سمیت  پشاور، راولپنڈی، ، ملتان، سکھر، کراچی اور کوئٹہ ڈویژن کے انچارجز سپیشل برانچ ریلوے کو ہدایت نامہ بھجوا دیا گیا۔