مہوش حیات نے بھارتی گلوکار کیساتھ اپنے نئے پراجیکٹ کی تفصیلات بتا دیں
04-17-2024
(ویب ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ اپنے گانے سے متعلق تفصیلات بتادیں۔
ایک انٹرویو کے دوران اپنے نئے پراجیکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میرے اور ہنی سنگھ کے درمیان کافی عرصے سے مشترکہ گانا ریلیز کرنے سے متعلق بات چیت چل رہی تھی لیکن کبھی میں تو کبھی بھارتی گلوکار مصروف ہوجاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے ہنی سنگھ کے ساتھ گلوکاری کی ہے اور انہوں نے گانا ریکارڈ کروادیا ہے، ابھی صرف میری اور ہنی سنگھ کی آواز میں گانا ریکارڈ ہوا ہے، اس کی ویڈیو بننا ابھی باقی ہے اور اس میں مزید چند ماہ لگیں گے۔ مہوش کا کہنا تھا کہ ویڈیو بن جانے کے بعد ہی گانے کو ریلیز کیا جائے گا اور شائقین کو مزید چند ماہ تک انتظار کرنا پڑے گا، تاہم مہوش حیات نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بھی گانے کی ویڈیو میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی یا نہیں۔