پاک سعودیہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے: اسحاق ڈار

04-16-2024

(ویب ڈیسک) وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں ، ان برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں ، سعودی وفد کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مستقل روابط کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں،  پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات علاقائی امن و استحکام کیلئے اہم ہیں، پاکستان میں توانائی خصوصاً قابل تجدید توانائی ذرائع میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کیلئے مفید ہیں ، پاکستان سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرے گا ، دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے۔