لین لائن، سٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن شروع

04-16-2024

(ویب ڈیسک) لین لائن، سٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کا حکم، مال روڈ پر لین لائن ڈسپلن کی خلاف کرنے والوں کےخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا۔

مہم کے پہلے روز ہی 4 ہزار 419 وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کر دیے گئے، رواں سال لین لائن، سٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 4 لاکھ 15 ہزار وہیکلز کےخلاف کارروائی کی گئی، بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے کیلئے ایک مرتبہ پھر مال روڈ سے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا۔ سی ٹی او عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ لین لائن، سٹاپ لائن کی آگاہی کیلئے وارڈنز تعینات کرنے کے علاوہ کونز بھی لگا دی گئیں۔ مال روڈ پر کارروائی اور آگاہی کیلئے 40 وارڈنز،10سینئر وارڈنز اور ایجوکیشن ٹیم تعینات ہے، موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین استعمال کریں گے،دائیں لین صرف اور صرف ٹرن لینے کی صورت میں استعمال کی جائے گی،موٹرسائیکل سوار درمیانی لائن ہرگز استعمال نہیں کریں گے۔ سی ٹی او کے مطابق بے ہنگم ٹریفک کی سب سے بڑی وجہ لین لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے،لین لائن ڈسپلن کیخلاف کریک ڈاؤن کےلئے سیف سٹی کیمروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ سی ٹی او عمارہ اطہر کا مزید کہنا تھا کہ منظم ٹریفک کےحصول کےلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔