بانی پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 اپریل تک توسیع

04-16-2024

(ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں19 اپریل تک توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق  جناح ہاؤس حملہ ،عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے  کی،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی  کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیتے ہوئےبانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کر لیے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ویڈیو لنک پر ایک بار بھی حاضری مکمل نہیں ہوئی۔  اس کے علاوہ بانی پی  ٹی آئی کے جونیئر وکلاء کی ٹیم  بھی عدالت میں پیش ہوئی، جونیئر وکلاء نے استدعا کرتے ہوئے  کہا کہ سینئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں مہلت دی جائے۔ واضح رہے کہ  چار مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر میرٹ پر فیصلہ ہو چکا ہے،کورٹ نمبر 3 نے4 مقدمات میں ملزم کی عبوری ضمانتیں کنفرم کی تھیں۔