بشریٰ انصاری نے اقبال حسین سےشادی کی تصدیق کر دی

04-16-2024

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ، میزبان اور اداکارہ بشریٰ انصاری نے دوسرے شوہر ڈراما نگار اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کردی۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے یوٹیوب پر اپنے چینل پرفینز کے ساتھ مخاطب ہو کر کہا کہ مجھ سے متعلق سوالات کے جوابات آج حاضر ہیں اور پھر اپنے شوہر اقبال حسین کا تعارف کروایا۔ اقبال حسین کے ساتھ ویڈیو میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے، ڈراما سیریل سیتا باگڑی کی شوٹنگ کے دوران اقبال حسین نے پروپوز کیا۔ بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ 2 دہائیوں تک شادی شدہ زندگی گزارنے اور پھر علیحدگی کے بعد طویل عرصے اکیلے رہنے کے باعث دوسری شادی کے لیے راضی نہیں تھی، گھر والوں اور دوستوں  خصوصا اداکار بہروز سبزواری نے شادی کے لیے راضی کیا۔ اداکارہ نے کہا کہ ہم اپنی شادی کو مثال بنانا چاہتے ہیں کہ 30 یا 35 سال کی عمر میں طلاق کے بعد اگرکوئی آپشن موجود ہو تو شادی کی جاسکتی ہے،خاص طور پر ایسی خواتین جو کسی وجہ سے اکیلی رہ جاتی ہیں اور ان کے پاس دوسری شادی کا کوئی آپشن موجود ہے تو وہ دوسری شادی کے فیصلے کا سوچ سکتی ہیں۔ اقبال حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنے پر تنقید کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے جو لوگ ایسا سوچتے ہیں کہ بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا بُرا ہے وہ اصل میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔