آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا آج سے پٹرول، ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان
04-16-2024
(ویب ڈیسک) مطالبات پورے نہ ہونے پر آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے آج سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تیل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان میٹرائزڈ سسٹم کے تحت ٹینکرز کی بھرائی کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر کیا گیا ہے، مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا۔ آئل ٹینکر زاونر ز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ناپ تول میں کمی کا مطالبہ پورا ہونے تک پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی معطل رہے گی، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں سپلائی نہیں کی جائے گی، تمام ہوائی اڈوں کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل رہے گی۔ آئل ٹینکر زاونر زایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور پی ایس او حکام نے 20 فروری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی جس پر نوٹس بھی بھجوائے لیکن کوئی جواب نہیں ملا، میٹررائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو فوری پورا کیا جائے۔