برآمدات بڑھانے کیلئے پاکستان بزنس کونسل نے اپنی تجاویز پیش کر دیں

04-12-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان بزنس کونسل نے وزیر تجارت جام کمال کو خط لکھ کر معیشت کی بحالی اور ایکسپورٹس بڑھانے کے لئے 18 تجاویز پیش کر دیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان ایکسپورٹرز اور صنعت کاروں کے ساتھ خصوصی میٹنگ کریں، پاکستان کی صنعت کو علاقائی منڈیوں کے مقابلے کے لئے تیار کیا جائے، نئی منڈیوں کی تلاش کے لئے باہمی رابطے بڑھائے جائیں۔ پاکستان بزنس کونسل نے اپنے خط میں کہا ہے کہ روایتی منڈیوں سے ہٹ کر ایکسپورٹ کے لئے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں، نئی منڈیوں میں پاکستانی برینڈز کو نمائش کے مواقع دیئے جائیں، سیالکوٹ، گجرات اور گوجرانوالہ میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایکسپورٹرز کے لئے سہولیات بہتر بنائی جائیں، نئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کراچی پورٹ کے قریب بنائے جائیں، صنعتی خام مال کے اوپر ٹیکسز میں کمی کی جائے۔ پاکستان بزنس کونسل کا کہنا ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹس کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں، آئی ٹی ایکسپورٹ کے لئے سٹیٹ بینک سہولیات بڑھائے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے شپنگ انڈسٹریز کے اندر سہولیات بڑھائی جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے مواصلات اور رابطے بہتر بنائے جائیں، ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ریلوے فریٹ کو فروغ دیا جائے، معاشی استحکام کے لئے ایف بی آر ٹیکس ریفنڈ بروقت جاری کرے۔