پنجاب میں گندم خریداری مہم کا آغاز،کل سے باردانہ کی درخواستوں کی وصولی
04-12-2024
(لاہور نیوز) پنجاب میں گندم خریداری مہم 25-2024 کا آغاز ہو گیا، کاشتکار ہفتہ 13 اپریل سے باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواستیں دے سکیں گے۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق 13 اپریل صبح 8:55 سے باردانہ ایپ پر درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی، پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں موصول ہونگی، پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسیج کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو باردانہ کے اجراء اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسیج بذریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا، محکمہ خوراک باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر فراہم کرے گا جبکہ سوموار 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی۔ محکمہ خوراک کے ترجمان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، صوبہ بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں، کاشتکار بھائیوں سے گندم 3900 روپے فی من کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی جبکہ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز ادا کیے جائیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چھوٹے کسان کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے، پالیسی کے مطابق فلور ملوں، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔