عید الفطر کا آج دوسرا روز، کھابوں اور موج مستی کے پلان تیار
04-11-2024
(لاہور نیوز) میٹھی عید کے دوسرے دن کو بھی شہری بھرپور طریقے سے منارہے ہیں۔
کل کے میزبان آج مہمان بنے، گھروں میں لذیذ پکوان تیار کیے جارہے ہیں، مزے مزے کی ڈشوں سے مہمانوں کی تواضع ہوگی۔ بچوں نے کل بھی خوب سیر سپاٹے کئے، آج بھی موج مستی میں مصروف ہیں اور پارکوں میں جھولوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کررہے ہیں، صبح ناشتے کے لیے بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے فوڈ سٹریٹ گوالمنڈی کا رخ کیا، کوئی فیملی کو ساتھ لایا تو کوئی دوستوں کے ہمراہ آیا، شہریوں نے بونگ پائے، مرغ چنوں اور حلوہ پوری پر خوب ہاتھ صاف کیا۔ عید کے دوسرے روز بھی شہری گپ شپ لڑا کر من ہلکا کررہے ہیں جبکہ شام کو موج مستی کیلئے سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا گیا ہے۔ خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔