شہر میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات، ملکی سلامتی وخوشحالی کیلئے دعائیں

04-10-2024

(لاہور نیوز) شہر میں نمازعید الفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا جن میں ملکی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا،مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان  نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ جامع مسجد داتا دربار میں خطیب رمضان سیالوی نے  نماز عیدکی امامت کرائی  اور عید کا خطبہ دیا،جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری،شیخ حماد مصطفی المدنی اور  خرم نواز گنڈا پور نے نماز عید  ادا کی۔ جامع نعیمیہ میں بھی نماز عیدالفطر کا پروقار اجتماع ہوا، علامہ راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی، علامہ راغب نعیمی نے عیدالفطر اور رمضان المبارک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام بھی نماز عید الفطر کے اجتماعات منعقد کیے گئے، گریٹر اقبال پارک میں علامہ ابتسام الٰہی  ظہیر نے نماز عید کی امامت کرائی، ہزاروں مردو خواتین نے نماز عید ادا کی۔ توحید پارک یو ای ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں  بھی نماز عید ادا کی گئی،منصورہ میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا،جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے منصورہ میں نماز عید ادا کی، باغ جناح میں نماز عید الفطر ڈاکٹر عارف رشید کی امامت میں ادا کی گئی۔ ناصر باغ میں بھی نماز عید الفطر کا اجتماع ہوا،علامہ حسن رضا نے نماز عید پڑھائی، جی او آر ون کی مسجد میں بھی  نماز عید ادا کی  گئی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سید منصور علی شاہ،جسٹس امین الدین خان اور سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی  نے نماز عید ادا کی۔ جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عابد عزیز شیخ،جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس انوار الحق پنوں نے  بھی نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے اجتماعات کے بعد ملکی سلامتی، استحکام، کشمیر اور  فلسطین کے لیے خصوصی دعائیں  کی گئیں۔