عید کی خوشیوں میں غرباء و مساکین کو یاد رکھنا چاہیے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

04-10-2024

(لاہور نیوز) سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے عید الفطر کے موقع پر امت مسلمہ اور اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے  اس نے ہمیں رمضان المبارک میں روزے رکھنے، عبادات کرنے اور اپنے گناہوں سے معافی طلب کرنے کا موقع فراہم کیا، عید الفطر خوشیاں اور محبتیں بانٹنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر ہمیں غرباء اور مساکین کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے، آج کے دن ہمیں اپنے مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں، بہنوں اور ظلم کا شکار معصوم بچوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی عوام کے دکھ، درد اور کرب کو شدت سے محسوس کر رہی ہے، پاکستان کی پارلیمان اور عوام مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، امت مسلمہ کو عید الفطر کے اجتماعات میں فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔ ان  کا کہنا تھا کہ  آج کا دن دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے،  عید الفطر کے موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے بہادر سپوتوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے آپس کے اختلاف کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے وہ ہمارے ملک کو امن اور سکون کا گہوارہ بنائے، اسے مشکلات اور بحرانوں سے نجات عطا فرمائے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ  ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ عید الفطر کے پر مسرت موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد، عیدالفطر تمام مسلمانوں کے  لیے تحفہ ہے جو رمضان کے مقدس مہینے میں روزے رکھنے اور عبادات کرنے کے نتیجے میں ہمیں دیا گیا۔ سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ عیدالفطر کا دن رب کائنات کا شکر ادا کرنے اور خوشیاں بانٹنے کا دن ہے، خوشیوں کے ان لمحات میں ہمیں اپنے اردگرد موجود متوسط طبقے کو نہیں بھولنا چاہیے، مستحق افراد کی مدد کرکے انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا قرب الٰہی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دین ہمیں معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ اور ناانصافی کے خاتمے کی تلقین کرتا ہے،  عید کے پر مسرت موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو ترقی کی بلندیاں عطا فرمائے اور ہر مصیبت و آفات سے محفوظ رکھے، عید کے موقع پر مظلوم فلسطینی بہن، بھائیوں کی آزادی کو بھی اپنی خصوصی دعاؤں کا حصہ بنائیں۔