عید پر رنجشوں کو بھلا کر محبت کے جذبات کو فروغ دیں: مریم نواز
04-10-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عید پر باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبات کو فروغ دیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملت اسلامیہ اور اہل پاکستان کو عیدالفطرکی مبار کباد دی ہے۔ مریم نواز نے اپنے پیغام عید میں کہا ’دعا ہے کہ عید کا دن اور ہر دن وطن عزیز کے ہر فرد کے لئے خوشی کا پیغام لائے، دعا ہے ارض پاک پر اترنے والی خوشیوں کو کبھی زوال نہ آئے۔ انہوں نے پیغام آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا، عید الفطر مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام اور تحفہ ہے، عید الفطر مسلمانوں کے لئے یوم تشکر بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عید کے روز محبت اور بھائی چارے کا فروغ تشکر کا تقاضا ہے، عید کے موقع پر نادار لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کرنا سنت نبویؐ ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کو جان کر مدد کرنا مستحسن عمل ہے، چھوٹے اور گھریلو ملازمین کو شریک کرنے سے عید کی خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ عید کے روز یتیموں کی دلجوئی اور خاطر داری کیا کرتے تھے، وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہلخانہ کو عید کے روز خصوصاً یاد رکھنا چاہیے۔